Breaking News
Home / پاکستان / ریاست مدینہ کے اصولوں سے پیچھے ہٹے تو ہم نیچے آگئے، مشائخ میرے ساتھ مل کر ملک کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کریں، عمران خان

ریاست مدینہ کے اصولوں سے پیچھے ہٹے تو ہم نیچے آگئے، مشائخ میرے ساتھ مل کر ملک کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کریں، عمران خان

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے اصولوں سے پیچھے ہٹے تو ہم نیچے آگئے، مشائخ میرے ساتھ مل کر ملک کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کریں۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں منعقدہ علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ میں جو بھی محنت کرتا تو وہ اوپرآ جا تا تھا، پاکستان میں دو خاندانوں کے علاوہ کوئی اوپر نہیں آسکتا، ایمان انسان کا قبلہ درست کرتا ہے، ہمیں میرٹ کا مطلب ہی نہیں پتہ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 20 سال انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی ہے، ایک ٹیم میرٹ پر آتی ہے اور ایک سفارش پر، جو مرضی کر لیں میرٹ پر آنے والی ٹیم کی فتح ہوتی ہے، موبائل فون میں بچوں کو جو کچھ  دکھایا جا رہا ہے تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا، آج ہمیں اپنے بچوں کی تربیت کرنے کی ضرورت ہے، بچوں کو اپنی حفاظت کرنے کیلئے ابھی سے تیاری کریں۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے بار بار کہا جاتا ہے کہ آپ بہت ضدی ہیں، مجھے کہا جاتا تھا کہ جن لوگوں نے کرپشن کی ہے ان کو معاف کرد یں، جب میں حکومت میں تھا تو این آر او دینے کیلئے مجھ پر پریشر پڑتا تھا، آپ جس دن چوری کو معاف کرنا شروع کر دیں تو معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے، بیرونی سازش کر کے ڈاکوؤں کو ہم پر مسلط کیا گیا، یہ ملک کو لوٹتے ہیں پھر باہر چلے جاتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ نا انصافی کے خلاف آواز بلند نہیں کر تے تو بھیڑ بکریوں اور ہم میں کوئی فرق نہیں ہے، میرا اپنا اگر کوئی پیسہ ہوتا تو شاید میں ان چوروں کو معاف کردیتا، لیکن عوام کا پیسہ ہے، لوگ بھوکے مر رہے ہیں، ہمیں وسائل کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ملک میں ہر نعمت ہے، ملک کے ساتھ باہر سے واردات ہوئی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ  ایک امریکی نے ہمارے سفیر کو کہا کہ عمران خان کو ہٹا دو، شہباز شریف نے امریکہ جا کر معافیاں اور پیسے مانگے، ملک کیلئے پیسہ مانگ رہے ہو اور اپنا پیسہ باہر رکھا ہوا ہے، مشائخ میرے ساتھ مل کر ملک کی حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کریں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ٹریڈرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک میں تاجروں نے میرا ساتھ دینا ہے، مجھے آپ کی ضرورت ہے، جب میں کال دوں گا تو آپ نے حقیقی آزادی کیلئے باہر نکلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی مشکل وقت آتا ہے تاجر برادری پہلی کھڑی ہوتی ہے، بیرونی سازش کےتحت ان چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، پیسے کے استعمال سے حکومت گرائی گئی، ان کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، ان پر کرپشن کے کیسز ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 1100 ارب روپے کی چوری معاف کروائی، پرویز مشرف نے انہی لوگوں کو این آر او دیا، 10 سال چوری کی اور پھر دوبارہ اسمبلی میں آئے، کورونا کے بعد پاکستان نے سب سے زیادہ روزگار فراہم کیا،

 

ہمارے دور میں معیشت مضبوط ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، ہمیں جب حکومت ملی تو بیرونی خسارہ 20 ارب ڈالرز تھا، ہم نے حکومت چھوڑی تو اس وقت 16 ارب ڈالرز کا خسارہ تھا، ان کے دور میں آمدنی 43 ارب ڈالرز تھی، ہم حکومت سے گئے تو آمدنی 63 ارب ڈالرز تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم اور پاکستان میں زیادہ ہیں، شہباز شریف کی آڈیو لیک ہوئی ہے، شہباز شریف کہتا ہے مریم کا داماد بھارت سے بجلی بنانے والی مشنری منگوا رہا ہے، پرنسپل سیکریٹری کہتا ہے یہ تو ناجائز ہے ہم نے ٹریڈ بند کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہندوستان سے تجارت بند کی تھی، بھارت سے ٹریڈ بند ہونے کے باوجود مشینری امپورٹ کرتا ہے، کہتا ہے کوئی اور طریقہ نکالیں گے کہ کسی طرح کسی اور ملک سے آجائے،ابھی اور چیزیں بھی نکلیں گی، جب مشکل پڑے گی سب باہر بھاگ جائیں گے۔ قبل ازیں عمران خان نے جی سی یونیورسٹی لاہور میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آڈیو لیکس میں اور بھی کچھ آ رہا ہے،

 

آڈیو لیکس میں مریم  بتا رہی ہیں کہ الیکشن کمشنر کہہ رہا ہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ پر ڈس کوالیفائی کر دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے وکی لیکس، ڈان لیکس اب آڈیو لیکس آگئی ہے، چیف الیکشن کمشنر نواز شریف کے گھر کا نوکر ہے، چیف الیکشن کمشنر نے نواز شریف کے کہنے پر ای وی ایم مشینز نہیں آنے دیں، تھوڑی بھی اس میں شرم حیا ہو تو یہ استعفیٰ دے، اگر شرم حیا نہیں ہے تو ہم اس سے استعفیٰ لیں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت ختم کی تھی تو ہم نے تعلقات ختم کیے تھے،  آڈیو لیکس میں مریم نواز کہہ رہی ہیں کہ بھارت سے مشینری امپورٹ کر یں، شہباز شریف طریقہ بتا رہے ہیں کہ مشینری کسی اور ملک سے لے آؤ، مریم کا داماد گرڈ اسٹیشن بنا رہا ہے، آپ کے پیسے سے وہ گرڈ اسٹیشن بنے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں معاشی ترقی کی، ہماری آخری سال میں 75 فیصد آئی ٹی ایکسپورٹس بڑھیں، بزدل کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا وہ ڈر میں ہی رہتا ہے، خود غرض کبھی ذات سے نہیں نکل پاتا، پاکستان میں اشرافیہ کو اپنی ذات کی پڑی ہوتی ہے،

 

اشرافیہ ملک اور عوام کی نہیں اپنی فکر میں رہتے ہیں۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت سازش کے تحت ہٹائی گئی، امریکی نمائندہ ہمارے سفیر سے ناراضگی کا اظہار کرتا ہے، امریکی نمائندہ کہتا ہے کہ آپ نے عمران خان کو ہٹانا ہوگا، سفیر کو کہا گیا آپ نے عمران خان کو نہیں ہٹایا تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سائفر کے بعد قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک آتی ہے، 20 لوٹے نکل آتے ہیں، سندھ ہاؤس میں چھوٹے لوٹوں میں سے بڑوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، بھارت روس سے 40 فیصد کم قیمت پر تیل خرید رہا ہے، پاکستان کو روکا جاتا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسحاق ڈار ہمارے دور میں نہیں بھاگا، ن لیگ کی حکومت میں نیب نے بلایا، اسحاق ڈار وزیر اعظم کے جہاز میں بھاگ گیا، اب ڈیل کے ساتھ واپس آرہا ہے،

 

یہاں ڈیل ہوتی ہے اس لیے منی لانڈرنگ نہیں رکتی۔ انہوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہم نے یہ تماشہ بھیڑ بکریوں کی طرح دیکھنا ہے یا سامنے کھڑا ہونا ہے؟ جو قوم حق سچ پر نہیں کھڑی ہوتی اس کا مستقبل نہیں ہوتا، اللہ کا حکم ہے کہ اچھائی کے ساتھ کھڑے ہو، برائی کے ساتھ نہیں۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بھی انقلابی تحریک کھڑی ہوئی ہے تو اس میں یوتھ نے لیڈ کیا ہے، میں چاہتا ہوں کہ آپ طالب علم سارے اس میں شامل ہوں، ویت نام کے خلاف جو موومنٹ چلی تھی تو وہ یونیورسٹیز میں چلی تھی۔ آپ سب تیاری کر لیں، میں نے ان چوروں کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے اور جیت کے دکھاؤں گا۔

 

 

 

Check Also

عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ

ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد نے عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے