ملکہ برطانیہ کے آخری دیدار کے لیے ہزاروں افراد کی ویسٹ منسٹر کے باہر طویل قطاریں ہیں، جنہیں کئی گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ واضح رہے ملکہ کا تابوت چار دن تک ویسٹ منسٹر ہال میں رہے گا، جبکہ ملکہ کی آخری رسومات 19 ستمبر کو مکمل ہوں گی۔ انتظامیہ کے مطابق آخری روز تک 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد ملکہ کے دیدار کیلئے آئیں گے۔ ملکہ برطانیہ کو الوداع کہنے کی تیاریاں عروج پر ہیں، بکھنگم پیلس میں شاہی گارڈز کی ریہرسل ہوئی جس میں رائل بینڈ سمیت ملکہ کے فرضی تابوت کو لیے گارڈز نے ریہرسل میں حصہ لیا۔ ملکہ برطانیہ کے تابوت کی حفاظت پر مامور رائل گارڈز بے ہوش ہو کر گر پڑا، جیسے ہی شاہی گارڈز کا دستہ ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آگے بڑھا تو پوڈیم پر کھڑا گارڈ اچانک سے بے ہوش ہو کر نیچے گرپڑا جسے دوسرے محافظوں نے اٹھایا، ملکہ کے تابوت کی حفاظت پر شاہی گارڈز کا عملہ 24 گھنٹے تعینات ہے۔ دوسری جانب ملکہ کے انتقال پر پھولوں کی مانگ میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، ترکی سے پھول ٹرکوں کے بجائے کارگو طیارے پر برطانیہ پہنچائے جانے لگے ہیں۔ ترکی کے مطابق برطانیہ سے پھولوں کے آرڈرز میں 90 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم ترک پھول فروش صرف 40 فیصد مانگ کو پورا کرنے کے قابل ہیں کیونکہ پہاڑی علاقوں میں پیداوار کم ہو رہی ہے۔ ترکش کارگو کا کہنا ہے کہ انطالیہ اور اسپارٹا سے آخری رسومات کے لیے تیرہ ٹن وزنی پانچ لاکھ سے زائد پھولوں کی ترسیل شروع کر دی ہے۔ ترک کارگو نے ہفتے کے آغاز میں تقریباً چار ٹن پھول لندن پہنچائے تھے، ترکی سے برطانیہ کو پھولوں کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔