چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 24ستمبر سے حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کال دوں گا عوام تیار ہوجائیں ، ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرائیں گے،ملک چوروں کے ہاتھوں میں پھنسا ہوا ہے، ان کو پتہ ہے قوم کدھر کھڑی ہے اس لیے یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت پاکستان کو دلدل کی طرف لے کر جا رہی ہے، ہم پاکستان کو اس دلدل سے نکالیں گے،اس وقت ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مہنگائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے،ایک طرف معیشت سکڑتی جا رہی ہے دوسری طرف مہنگائی عروج پر ہے،آئی ایم ایف یہ کہہ رہا ہے پاکستان سری لنکا کی صورت پر جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر پانچ لاکھ بیرون ملک پاکستانی انویسٹمنٹ کر دیں تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ عمران خان نے کہا کہ امیر ملکوں میں قانون کی بالادستی ہے،غریب ملک میں جنگل کا قانون ہےجس طرح کا شہباز گل پر ظلم ہوا اس طرح کبھی نہیں دیکھا، جب تک ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہوتی انویسٹمنٹ نہیں آئےگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایک وزیر اعظم بتا دیں جس کی اربوں روپے کی پراپرٹی باہر ہو،جس کو سزا ہونی تھی وہ وزیراعظم بن جاتا ہے۔انہوں نے 5 مہینے میں پاکستان کے ساتھ جو کیا دشمن بھی نہ کرتا،چوروں کو مسلط کر کے ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ بنا ہوا ہے، نیب ترمیم کر کے اربوں روپے کرپشن کےکیسز ختم کر رہے ہیں،اس کیخلاف سپریم کورٹ میں میرا کیس پڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے یہ بھاگ رہے ہیں،ان کو پتہ ہے کہ الیکشن یہ نہیں جیت سکتے،ان کے آنے کے بعد 33فیصد اس ملک کی دولت کم ہوئی ہے،ان کے ملک سے باہر پیسے پڑے ہوئے ہیں۔