راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز پر افغانستان سے دہشت گردوں نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک فوجی جوان نے جام شہادت نوش کر لیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ خرلاچی میں کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز پر کی جانے والی دہشت گردوں کی فائرنگ پر بھرپور جوبی کارروائی کی گئی جس سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی جمشید اقبال شہید ہو گئے، شہید سپاہی کا تعلق چنیوٹ سے تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنے کی مذمت کرتا ہے، توقع ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں پاکستان مخالف سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف دفاع وطن کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو بڑھاتی ہیں۔۔۔