اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کسانوں کا دھرنا بلا جواز ہے اور ریڈ زون میں احتجاج کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کا دھرنا بلا جواز ہے اور آج کسان اتحاد سے ملاقات میں ان کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ زرعی ٹیوب ویل کے بجلی بلوں میں کمی کے لیے کابینہ کی کمیٹی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو کمیٹی دوبارہ بیٹھے گی اور تمام تجاویز پر غور کرے گی، حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کو سنجیدہ لے رہی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ٹیوب ویلز کے بلوں کی ادائیگی مؤخر کرنے کا مطالبہ تسلیم کیا جا چکا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے اس لیے احتجاج اور دھرنا بلا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان یا کسی بھی گروہ یا جماعت کو ریڈ زون میں احتجاج یا دھرنے کے اجازت نہیں ہے اور ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ سپریم کورٹ کے بھی واضح احکامات موجود ہیں کہ ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں ہو سکتا۔