امریکہ نے یوکرین کے چار مقبوضہ علاقوں سے الحاق کے خلاف روس پر سخت پابندیاں عائد کر دیں امریکی پابندیوں کے تحت روس کے سیکڑوں افراد اور کمپنیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ روسی ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس اور قانون سازی کرنے والے ارکان بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آگئے۔ امریکی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پیوٹن نے دھوکہ دہی سے یوکرین کے کچھ حصوں کو ضم کرنے کی کوشش کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ دھوکہ دہی سے یوکرین کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔ دوسری جانب روس نے سلامتی کونسل میں پیش کی گئی یوکرینی علاقوں کے الحاق کیخلاف امریکہ کی قرارداد ویٹو کردی ہے۔ واضح رہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے 4 علاقوں کو اپنے ملک کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔یہ اعلان یوکرین کے ان خطوں میں ایک ریفرنڈم کے بعد کیا گیا جس کے نتائج میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 99 فیصد عوام روس کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں۔ روسی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈونیٹسک،لوہانسک، خیرسون اور زاپورزیا علاقوں کے عوام اب ہمارے ہم وطن بن گئے ہیں۔