نیویارک: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ سبسڈی دینا کبھی بھی مددگار ثابت نہیں ہوتا، وسائل کا استعمال کریں۔ آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مڈل ایسٹ و سینٹرل ایشیا جہاد آزور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے اور آئی ایم ایف پاکستان کو اس مشکل میں سپورٹ کرتا ہے جبکہ اس سلسلے میں آئی ایم ایف پروگرام میں توسیع بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ توسیعی پروگرام سے پاکستان کو کووڈ کے بعد سے پیدا صورت حال سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور حال ہی میں پاکستان کا پروگرام ریویو ہوا جس میں 12 ارب ڈالر کی رقم دی گئی۔ جہاد آزرو نے کہا کہ امید ہے نومبر میں اگلے ریویو کی تیاری مکمل ہو جائے گی۔ ورلڈ بینک اور یو این ڈی پی کی جائزہ رپورٹ میں پاکستان کی معاشی و اقتصادی صورتحال کا پتا چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ جائزہ کے بعد پتہ چلے گا کہ پاکستان کی مدد کیسے کی جا سکتی ہے۔ اشیا پر سبسڈی دینا کبھی مددگار ثابت نہیں ہوتا اور اشیا پر سبسڈی دینا رجعت پسندی ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کو کہہ رہے ہیں کہ سبسڈی دینے کی جگہ وسائل کا استعمال کریں لیکن یہ آئی ایم ایف کی شرائط نہیں بلکہ مہنگائی کے دور میں ضرورت مندوں کی مدد کا طریقہ ہے۔