سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے عمرہ ویزے پرآنے والے زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی حاصل کرنا ضروری ہے۔ سبق نیوز نے وزارت حج وعمرہ کے ٹوئٹرپرجاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ بیرون مملکت سے عمرہ ویزے پرآنے والے زائرین کو انشورنس پالیسی سے فائدہ ہوگا۔ میڈیکل انشورنس پالیسی کا پریمیم عمرہ ویزے کی فیس کے ساتھ وصول کیا جائے گا۔ میڈیکل پالیسی تمام ہنگامی نوعیت کے طبی اوردیگر معاملات کو کور کرے گی۔ انشورنس پالیسی کے حوالے سے وزارت حج وعمرہ نے انٹرنیٹ پرمعلومات فراہم کی ہیں جو’رعایہ‘ کے عنوان سے دیکھی جا سکتی ہیں۔ پالیسی کے فوائد کے حوالے سے وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کےعلاوہ حادثات، وفات اورواپسی کے لیے فلائٹ کی تاخیر ہونے کی صورت میں پالیسی مکمل کوریج فراہم کرے گی۔ انشورنس پالیسی ایک لاکھ ریال تک کوریج فراہم کرے گی۔ عمرہ ویزا پالیسی کے حوالے سے وزارت نے اندرون مملکت کے لیے ٹول فری نمبر 800440008 جبکہ بیرون مملکت سے استفسارات کے لیے 00966138129700 نمبرمخصوص کیے ہیں۔ علاوہ ازیں وزارت حج کی ویب سائٹ سے بھی اس بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔