لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ارشد شریف قتل کی شفاف جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ سابق وزیراعظم عمران خان سے ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ارشد شریف کی والدہ، بیوہ اور دیگر لواحقین سے بھی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر بات چیت کی گئی جب کہ لانگ مارچ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی معاشی صورتحال کو خراب قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی سے بات چیت کے دوران کہا کہ لانگ مارچ حقیقی آزادی کیلئے جہاد ہے، عوام کا جوش وخروش بتا رہا ہے کہ لانگ مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا۔