کراچی (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ساری قوم متفق ہوگئی ہےکہ نہ چوروں کومانتی ہے اورنہ ان کے سہولت کاروں کو تسلیم کرتی ہے‘ جو ان کی مدد کرے گاقوم ان کو بھی مسترد کردے گی‘میں بہت کچھ بول سکتاہوں مگر نہیں چاہتاکہ میری کسی بات سے فوج کو نقصان پہنچے اور پاکستان کے دشمن اس کا فائدہ اٹھائیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کیا ۔اس سوال کہ آج کا لاہور کا کراؤڈ اور جو آپ نے 2014 میں زمان پارک سے مارچ شروع کیا تھا اس میں کتنا فرق ہے کہ جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسی چیز نہیں دیکھی میں نے تو وہ جب چیف جسٹس کی موومنٹ ہوئی تھی وکلا کی وہ بھی میں نے دیکھی ہوئی ہے ایسے کبھی نہیں ہوا نہ ہوگا کیونکہ ساری قوم اس وقت متفق ہے شعور آچکا ہے ۔
عوام فیصلہ کربیٹھے ہیں کہ بیرونی سازش سے مسلط ان چوروں کو نہیں مانتے اور جو ان کی مدد کرے گا لوگ ان کو بھی نہیں مانتے‘ جو ان کے سہولت کار ہیں لوگ ان کے بھی خلاف ہورہے ہیں اس لئے واضح ہے کہ قوم کدھر کھڑی ہے اور جس طرح مارچ اسلام آباد کی طرف جائے گی یہ سب کو واضح ہوجائے گا کہ آج پاکستان کی عوام کدھر کھڑی ہے اور وہ چاہتی ہے صاف اور شفاف الیکشنہوں ۔ میں چاہتا ہوں کہ ہماری فوج ایک مضبوط ادارہ بنے اور اس کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور میں یہ نہیں چاہتا کہ میں کچھ کہوں اور میں بہت کچھ کہہ سکتا ہوں لیکن میں نہیں چاہتا کہ جو پاکستان کے دشمن ہیں وہ اس کا فائدہ اٹھائیں جو کہ فوج کے خلاف ہیں او روہ فوج کو میری کسی بات سے نقصان نہ پہنچے ۔