لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں، غیر انسانی سلوک کے مستحق نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال کی عمر میں سڑکوں پر کیوں آنا پڑا ؟ اللہ نے مجھے ہر نعمت سے نوازا ہے اور مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ غلام کی پرواز کبھی اونچی نہیں ہوتی بلکہ نیچے ہوتی ہے۔ اعظم سواتی کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا اور کیا سینیٹر کے ساتھ غیر انسانی سلوک مناسب ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں ہیں اور غیر انسانی سلوک کے مستحق نہیں ہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی بنیادی حقوق کی حفاظت چیف جسٹس نہیں کریں گے تو کون کرے گا۔ پہلے نواز شریف چور تھا لیکن اب وہ کیسے شفاف ہو گئے ؟ شہباز گل پر جب تشدد کیا گیا اس وقت ایکشن لیا جاتا تو اعظم سواتی پر ظلم نہ ہوتا۔