ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کا اسلامی انقلاب دنیا میں امریکہ کی جھوٹی بالادستی کے لیے چیلنچ بنا ہوا ہے۔عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کے موقع پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں میجرجنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ چوالیس سال قبل ایرانی عوام کی حریت پسندانہ اور سامراج مخالف انقلابی تحریک نے امریکہ کو ایران سے بے دخل اور اس کی پٹھو حکومت کا خاتمہ کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب آج بھی دنیا میں امریکہ کی جھوٹی بالادستی کے لیے چیلنج بنا ہوا ہے۔ میجر جنرل محمد باقری نے واضح کیا کہ آج امریکہ کے معروف اور قابل اعتبار اسٹریٹجک ادارے، امریکی بالادستی کے خاتمے کی گنتی گن رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں یونی پولر ازم کا زوال شروع ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی تحقیقاتی اداروں کے مطابق دنیا بہت تیزی کے ساتھ کثیرالقطبی نظام کی جانب بڑھ رہی ہے جس میں ایران ایک موثر کردار ادا کرے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ایران میں چار نومبر کو عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کا قومی دن منایا جاتا ہے ۔ تینتالیس سال قبل ایران کے انقلابی نوجوانوں نے ، تہران میں قائم امریکی سفارت خانے پر قبضہ کرلیا تھا جو اسلامی کے انقلاب کے خلاف سازشوں کا مرکز بنا ہوا تھا