گوجرانوالہ: وزیراعظم میاں شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا کی ایک ایک بات سچ ہو رہی ہے، یہ مارچ خونی ہے، ظالموں نے سیاسی مقاصد کیلئے مارچ نکالا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ممتاز قانون دان عطا اللہ تارڑ نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مارچ نے ایک بے گناہ بچے کی جان لی، وزیراعظم کی ہدایت پر جاں بحق بچے کے لواحقین سے تعزیت کرنے آیا اور انہیں میاں شہباز شریف کی ہدایت پر 50 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں ںے کہا کہ ہمارے خلاف پہلی بار مقدمہ درج نہیں کیا گیا، ہم سیاسی میدان میں لڑنے والے لوگ ہیں، وزیرآباد واقعے کی ایف آئی آر نہیں کٹی لیکن مجھ پر اور سائرہ افضل تارڑ پر مقدمہ درج ہوگیا۔ عطااللہ تارڑ نے چیئرمین پی ٹی آئی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو گولی ایک ٹانگ میں لگی، پٹیاں دونوں ٹانگوں پر باندھ رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معظم گو ندل کو گولی کہاں سے لگی؟ اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں، شک ہے معظم کو گولی عمران خان کے گارڈ نے ماری، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرنے کے بعد ایبسولوٹلی ناٹ کہا تھا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے واضح طور پر کہا کہ ان کو اسلام آباد کی حدود میں بھی داخل ہونے نہیں دیں گے۔