اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے آج کے خطاب سے یقین ہو گیا ہے کہ انہیں کوئی گولی نہیں لگی، صرف غم لگا ہوا ہے۔ انہوں ںے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کی بیماری کا مذاق نہیں اڑا رہی ہوں لیکن عمران خان کا لانگ مارچ ورک فرام ہوم میں تبدیل ہو گیا ہے جب کہ عوام کو عمران خان کا مقصد سمجھ آگیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان اور وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب عدم اعتماد ہوا توعمران خان نے کہا ہمارے خلاف بیرونی سازش ہوئی ہے، عمران خان ایسا انسان ہے جو روپ بدل کر جھوٹ بولتا ہے،
عمران خان کے اتحادیوں نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ووٹ دیا، عدم اعتماد کی تحریک پی ٹی آئی کے اسپیکر نے موو کی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے بات ماننے سے انکار کیا تو عمران خان کے الزامات شروع ہو گئے، جب عدم اعتماد کامیاب ہونے لگی تو عمران خان نے کہا میں ملک بند کردوں گا، عمران خان کے کہنے پر اسپیکر نے آئین شکنی کی، عمران خان نے ملکی مفاد کو پس پشت ڈال کر سائفر سے کھیلنے کی بات کی، اب کہتے ہیں امریکی سازش والا بیانیہ پیچھے رہ گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی عمران خان کے من گھڑت سازش کے بیانیے کو مسترد کر دیا تھا، عمران خان نے ایک انٹرویو میں امریکی سازش کے بیانیے پر یوٹرن لیا، غلامی اور حقیقی آزادی کے یوٹرن پر کہتے ہیں کہ سپر پاور ناراض نہ ہوجائے، آج ایبسولوٹلی ناٹ کہنے والا کہتا ہے وہ بات ختم ہوگئی ہے، عمران خان صاحب! آپ کو جواب دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کا شور وہ چور مچا رہا ہے جس نے گھڑی کوڑیوں کی دام بیچی، عمران خان نے توشہ خانہ کی گھڑی بغیر خریدے فروخت کی، عمران خان نے توشہ خانہ سے گھڑی چوری کی تھی، ہماری گھڑی ہمیں وقت بتاتی ہے، عمران خان کی گھڑی ان کی اوقات بتاتی ہے، عمران خان نے ہینڈلرز کے ذریعے گھڑی بیچی، گھڑی بیچ کر پیسے منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک میں لائے گئے، آج سنا ہے توشہ خانہ کا کیس نیب میں چلا گیا ہے، آپ رسیدیں دیں تو معاملہ ختم ہوجائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپنے اوپر الزام لگےتو کہتے ہیں میں یو کے اور یو اے ای جاؤں گا، عمران خان کے دور میں اپوزیشن رہنماؤں کو جیل میں ڈالا گیا، عمران خان کے پاس نیب نہیں تھا بلکہ نیب کی ویڈیوز تھیں، آپ نے نیب کو بلک میل کیا، ن لیگ کے رہنماوں نے 40،40 سال کاحساب دیا ہے، عمران خان سے حساب مانگو تو دھمکیاں دیتا ہے، خیبرپختونخوا میں 10 سال سے احتساب کمیشن بند پڑا ہے، پنجاب میں آپ کی حکومت ہے لوگوں کو انصاف دیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی مرضی پر قانون چلے تو ایسا نہیں ہو سکتا، عمران خان چاہتے ہیں جس کا نام میں نامزد کروں اس پر ایف آئی آر درج ہو، عمران خان کس منہ سے کہتے ہیں کہ میں ملک کا وزیراعظم بنوں؟ جب کہ انہوں نے ملکی مفادات کو بیچا، چار سال میں چین اور ترکیہ کی انویسٹمنٹ روکے رکھا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ ناکام ہو گیا ہے، کرشنگ کا مطالبہ کرنا عمران خان کا پرویزالہٰی پر عدم اعتماد ہے، اگر آپ کے پاس اختیارات نہیں ہیں تو پنجاب میں اپنی حکومت توڑدیں،عمران خان کے دورحکومت میں ملکی معیشت اور فارن پالیسی تباہ ہوئی۔