پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اور کے پی کے اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی۔ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے بعد فواد چوہدری نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جمعے اور ہفتے کو دونوں اسمبلیوں کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کردیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ استعفوں سے ملک بھر میں 567 سیٹیں خالی ہوں گی، سندھ، بلوچستان میں ہمارے اراکین اسمبلی استعفے جمع کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر پنجاب اور کے پی میں 90 روز میں انتخابات کروانا ہوں گے، اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرنے کا کہا جائے گا۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ دو تین دن میں پنجاب اور کے پی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی حتمی تاریخ دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق آئینی آپشنز کا جائزہ لینے کے لیے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے جمعے کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے۔