سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مافیا کی طرف سے سینٹورس مال کو سیل کرنا ظاہر کرتا ہے کہ 8 مہینے سے ملک میں جنگل کا قانون ہے۔ چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینٹورس مال کو سیل کرنے پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کی ، جس میں لکھا کہ سینٹورس کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کی طرف سے شہباز شریف پر تنقید کی وجہ سے سیل کیا گیا، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا تھا کہ شہباز شریف نے کشمیریوں کی قربانی کا ذکر نہیں کیا.انہوں نے مزید کہا کہ ایسی انتقامی کارروائیوں سے کشمیریوں کو بھی منفی پیغام دیا جاتا ہے۔
اسلام آباد: سی ڈی اے نے سینٹورس شاپنگ مال کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق سینٹورس مال کو جلد ہی ڈی سیل کر دیا جائے گا تاہم جس حصے میں قواعد کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں وہ حصہ سیل رہے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد کے شاپنگ مال سینٹورس کو سیل کر دیا گیا تھا جس کے خلاف سینٹورس کے ملازمین نے صبح احتجاج بھی کیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سینٹورس مال کو سیل کرنے کی مذمت کی تھی۔ سینٹورس مال کو چاروں اطراف سے خار دار تاریں لگا کر سیل کیا گیا تھا اور پولیس کی بھاری نفری سینٹورس مال کے اطراف تعینات کر دی گئی تھی۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول اور فائر سیفٹی کے بتائے گئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے جبکہ آگ سے عمارت کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ نہیں کیا گیا۔