نیویارک ٹائمز کے 1100 سے زائد صحافیوں اور دیگر ملازمین نے 24 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیویارک ٹائمز میں گزشتہ 4 دہائیوں سے زائد عرصے میں یہ پہلا موقع ہے جب ملازمین نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ اخبار کے عملے نے جمعرات کو ایک دن کام نہ کرنے کے وعدے پر دستخط کیے اور یہ ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یونین اور مالکان کے درمیان معاہدہ طے نہیں پا جاتا۔ اخبار کی یونین کے عہدیدار کے مطابق بات چیت 12 گھنٹے سے زائد رہی اور دونوں فریقین تنخواہوں، دور دراز سے کام کرنے والے ملازمین کی پالیسیوں، صحت اور ریٹائرمنٹ سمیت دیگر مسائل پر بحث کرتے رہے لیکن مذاکرات کے حتمی نتائج سامنے نہیں آئے۔ یونین نے ٹائمز کی انتظامیہ پر بدنیتی سے سودے بازی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ “ان کی اجرت کی تجویز اب بھی معاشی اخراجات کو پورا کرنے میں ناکام ہے جو کہ مہنگائی اور امریکہ میں اجرت میں اضافے کی اوسط شرح دونوں سے بہت پیچھے ہے۔”