برطانیہ میں سڑک پر جنسی ہراسانی قابلِ سزا جرم ہوگا، جس پر دو برس کی سزا دی جاسکے گی۔ برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین نے نئے منصوبے پر کام شروع کردیا، مجوزہ قانون کے تحت کسی کو دیکھ کر سیٹی بجانا، نامناسب اشارہ کرنا، پیچھا کرنا اور گھورنا جرم ہوگا۔ برطانیہ میں جنسی ہراسانی پہلے ہی جرم ہے اور اس نئے قانون سے لوگوں کو ہراسانی رپورٹ کرنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ حالیہ سروے کے مطابق برطانیہ میں دو تہائی خواتین خود کو رات یا دن کے کسی وقت محفوظ تصور نہیں کرتیں۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ 34 برس سے کم عمر کی خواتین جنسی ہراسانی کا زیادہ ہدف بنتی ہیں لیکن وہ سب سے کم رپورٹ کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ لندن کی بسوں اور ٹرینوں میں جنسی ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹرانسپورٹ فار لندن کے مطابق ایک سال کے دوران ٹرینوں اور بسوں میں جنسی ہراسانی کے 1813 واقعات رپورٹ ہوئے۔