Breaking News
Home / پاکستان / پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو اس میں کہیں نہ کہیں بھارت ملوث ہے، رانا ثناء

پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو اس میں کہیں نہ کہیں بھارت ملوث ہے، رانا ثناء

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو اس میں کہیں نہ کہیں بھارت ملوث ہے اور اس حوالے سے بھارت کی کارروائیاں کسی دشمن ملک سے بھی آگے جا چکی ہیں۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب کے ایڈیشنل آئی جی عمران محمود کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کی آگ میں جھلس رہا ہے جو کہ ایک ایسا رجحان ہے جس میں ہم ہر روز نئی صورتحال سے دوچار ہوتے ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی آگ میں جھلس رہا ہے جہاں پاکستان کے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت صحافیوں اور ہر مکتبہ فکر نے قربانیاں دی ہیں اور اس کا شکار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی بھی صورت ہو اس میں کہیں نہ کہیں بھارت ملوث ہے اور اس حوالے سے بھارت کی کارروائیاں کسی دشمن ملک سے بھی آگے جا چکی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کشمیر میں اپنے بدترین ظلم کو چھپانے کے لیے ایسا کر رہا ہے اور اس ظلم کا جواز پیش کرنے کے لیے نئے بہانے تلاش کرکے بین الاقوامی برادری کی حمایت حاصل کرتا ہے اور پاکستان میں ہر قسم کی دہشت گردی کو فروغ دیتے ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ کلبھوشن یادو کی گرفتاری اور اس کا بیان ہی کافی ہے کہ بھارت کسی نہ کسی طرح پاکستان میں ہر دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز میں بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب ہونا چاہیے وہ ہم نہیں کر پائے مگر کچھ حد تک کامیابی ملی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جوہر ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ملے ہیں جس کے ثبوت بین الاقوامی براداری کو دیے جائیں گے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ پاکستان کے داخلی سیکیورٹی کا مسئلہ ہے اس لیے اس پر آج سے کارروائی شروع کر رہے ہیں جس کے بعد سیکرٹری خارجہ اس معاملے پر بات کریں گے جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی اقوام متحدہ کے اجلاس میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اس معاملے سے آگاہ کیا جائے گا اور بھارت کو بھرپور طریقے سے بے نقاب کیا جائے گا کیونکہ ثبوتوں سے واضح ہے کہ صرف ایک کارروائی کرنے کے لیے بھارت کی طرف سے اتنی بڑی رقم بھیجی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور میں جہاں دھماکہ ہوا حافظ سعید کا گھر نزدیک تھا اور قیاس کیا جا رہا ہے کہ ان کا گھر ہدف تھا مگر پولیس کی موجودگی کی وجہ سے گاڑی وہاں نہیں پہنچ سکی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ہر اس شخص، تنظیم اور جماعت کی مدد کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہوتی ہے جو پاکستان کے خلاف کام کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان طالبان اس بات کی یقین دہانی کراتے رہے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے نہیں دیں گے اور ہم بھی چاہتے ہیں کہ تحریک طالبان افغانستان کے ہمارے ساتھ اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ جو عزائم ہیں وہ ان کی پاسداری کریں اور کسی بھی تنظیم کو دہشت گرد کارروائیوں کی اجازت نہ دیں۔

جوہر ٹاؤن بم دھماکے کے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی سے ہے، سی ٹی ڈی

اس موقع پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب کے ایڈیشنل آئی جی عمران محمود نے کہا کہ 23 جون 2021 کو صبح گیارہ بجکر نو منٹ پر لاہور میں جوہر ٹاؤن کے ای بلاک میں ایک گاڑی کے اندر بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 3 شہری جاں بحق اور دو اہلکاروں سمیت 22 عام شہری زخمی ہوئے تھے۔ ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ آج تک کسی بھی دہشت گرد جماعت نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی مگر انسداد دہشت گردی پولیس نے اس کا مقدمہ درج کرکے 60 گھنٹوں کے اندر اس معاملہ تک رسائی حاصل کی تھی اور پہلے 24 گھنٹوں میں 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جوہر ٹاؤن میں گھر کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے والے ملزم کی شناخت عید گل سے ہوئی تھی جس کے ساتھ ان کی اہلیہ عائشہ گل کو بھی گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ دھماکے کے لیے مواد تیار کرتے وقت خاتون نے کچھ وڈیوز بنائیں تھیں۔ ایڈیشنل آئی جی عمران محمود نے کہا کہ عید گل کی گرفتاری کے بعد مزکزی ملزم سمیع الحق نامی شخص کی شناخت ہوئی مگر گرفتاری سے بچا ہوا تھا مگر تفتیش کے بعد پتا چلا کہ یہ شخص 2012 سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کرتا تھا اور پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔

Check Also

پاسپورٹس میں سابقہ شوہر کے نام کا باکس بھی ہو گا: ڈی جی پاسپورٹس

ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال کا کہنا ہے کہ شادی شدہ خاتون کا پاسپورٹ میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے