امریکی حکام کے مطابق ’ریاست ہوائی میں شدید ٹربولینس (ہچکولوں) کے باعث ایک مسافر طیارے میں کم سے کم 36 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔‘ ہوائی کے دارالحکومت ہونولولو کے ایمرجنسی میڈیکل سروسز نے تصدیق کی ہے کہ ’ہوائی ایئرلائنز کی فلائٹ کے 35 سے 36 مسافروں کو طبی امداد دی گئی جبکہ 20 کو ہسپتال پہنچایا گیا۔ امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق ایمرجنسی میڈیکل سروسز کا کہنا ہے کہ ’20 میں سے 11 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔‘ یہ طیارہ فینکس سے ہونولولو جا رہا تھا جس میں 278 مسافر اور عملے کے 10 افراد سوار تھے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’خراب موسم سے متعلق انتباہ جاری کیا گیا تھا۔‘ ہوائی ایئرلائنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر جون سنوک نے بتایا کہ ’حالیہ برسوں میں اس نوعیت کا واقعہ پیش نہیں آیا۔‘ ’ہمیں اطمینان ہے اور ہم خوش قسمت ہیں کہ اس حادثے کے دوران کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا، کوئی جان سے نہیں گیا۔ ہمیں امید ہے کہ زخمی مسافر صحت یاب ہو جائیں گے۔‘ انہوں نے بتایا کہ ’زخمی افراد میں عملے کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔‘ مسافر کیلی ریس نے ہوائی نیوز کو بتایا کہ ’ان کی والدہ بھی طیارے میں سوار تھیں۔ ہچکولوں کے دوران ان کی والدہ کا سر طیارے کی چھت سے جا ٹکرایا۔‘ رواں برس خراب موسم کے باعث جہاز میں ٹربولینس کے متعدد واقعات سامنے آئے۔ جولائی میں امریکن ایئرلائن کو ’غیر متوقع ٹربولینس‘ کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کے آٹھ مسافروں کو ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔ اسی طرح جون میں ساؤتھ ویسٹ ایئرلائن کو بھی ٹربولینس کا سامنا ہوا تھا۔ اس میں ایک مسافر سمیت عملے کے تین ارکان زخمی ہوئے تھے۔