وفاقی کابینہ کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے ملک میں ہونے والے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی۔ دہشتگردی کیخلاف مسلسل جدوجہد پرسیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی کابینہ نے اجلاس میں دہشتگردی واقعات میں شہید افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی۔کابینہ نےعزم کااظہارکیاکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،دہشت گردی کی عفریت کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا۔ اعلامیہ کےمطابق وفاقی کابینہ کو وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے الیکٹرک بائیکس کے استعمال کو عام کرنے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ یہ بھی پڑھیں:دہشتگردی کا خطرہ:اسلام آباد کے لیےسیکیورٹی پلان تیار کابینہ کوبتایا گیاکہ ملک میں پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کو مرحلہ وار الیکٹرک بائیکس سے تبدیل کیا جائے گا۔22 کمپنیوں کو الیکٹرک بائیکس بنانے کے لائنسنز جاری کیے جاچکے ہیں۔ وزیراعظم نےکہاکہ توانائی بچت پلان کے نفاذ کےلئےصوبوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم کی سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت کو 30 فیصد کم کرنے کے حوالے سے کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔کمیٹی میں وفاقی وزیر توانائی،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، وزیر مملکت برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل اور متعلقہ سیکرٹریز شامل ہوں گے۔ بریفنگ میں کہا گیاکہ وزارت اطلاعات ونشریات اور نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنورزیشن اتھارٹی نےتوانائی بچت اور کفایت شعاری پر مہم تیار کرلی۔