اسلام آباد( ویب ڈیسک)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ خبیب فاؤنڈیشن دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کر رہی ہے مجھے خوشی ہے کہ آپ لوگ انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے میں یہاں کہنا چاہوں گا کہ کشمیر کا مسئلہ جغرافیائی نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے لہذا میری آپ لوگوں سے گزارش ہے کہ آپ دنیا میں جا کر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی اپنی آواز بلند کریں کیونکہ آپ لوگ جہاں پوری دنیا میں مستحق اور سپیشل پرسنز کی کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں وہاں پر اس سلسلے میں ہم بھی آپ کو اپنی ہر طرح کی سپورٹ اور معاونت فراہم کریں گے۔ اسی طرح ہم لوگ جہاں آزادی کے بیس کیمپ سے مسئلہ کشمیرکے حل اور تحریک آزادی کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کر رہے ہیں ہمیں چاہیے کہ اس سلسلے میں مل کر اپنی آواز دنیا کے ایوانوں تک پہنچائیں۔
مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاء ہو چکی ہے اور بھارت کی ریشہ دوانیاں عروج پر ہیں اور کشمیر ی عوام ایک مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں لہذا آپ برطانوی ہاؤس آف لارڈز اور برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین ہم سب کو مل کر اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کے لئے اپنا رول موثرانداز میں ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں انسانی حقوق کی تنظیم خبیب فاؤنڈیشن برطانیہ کے زیر اہتمام برطانوی ہاؤس آف لارڈز اور برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کے ایک وفدسے ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وفد میں برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈ واجد خان، برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے ممبرلارڈ قربان حسین،ممبر برطانوی پارلیمنٹ و شیڈو منسٹر عمران حسین،برطانوی ممبر پارلیمنٹ مرزا خالد محمود، ڈپٹی لارڈ میئر آف مانچسٹر یاسمین ڈار، ایگزیکٹیو چیئر آف ریجنریشن اینڈ انوائرنمنٹ اوور ویو کمیٹی کامران حسین، جنرل سیکرٹری پاکستان پریس کلب برطانیہ ارشد رچیال،چیئرمین اوورسیز پاکستان گلوبل فاؤنڈیشن ظاہر احمد مہر، چیئرمین جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین،چیئرمین سلیک ایشین ماجد نذیر، صدر خبیب فاؤنڈیشن برطانیہ ایمن ماجد،نائب صدر خبیب فاؤنڈیشن برطانیہ حماس ماجد، چیئرپرسن آف پاکستان آرگنائزیشن ورکر ایجوکیشن اینڈ رائٹس امریکہ طاہرہ محمد،نواب الدین،سید علی کامران کرمانی،چیئرمین خبیب فاؤنڈیشن ندیم احمد خان اور افضل بٹ شامل تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 05اگست2019کے بعد بھارت نے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں شروع کی ہوئی ہیں جس کے تحت وہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر رہا ہے اور اسی طرح وہاں کی حلقہ بندیاں تبدیل کر رہا ہے تاکہ وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کر سکے جس کے لئے وہ مقبوضہ کشمیر میں ایک ہندؤ وزیر اعلیٰ لانے کی راہ ہموار کرنا چاہتا ہے۔ اگرچہ میں نے اپنے طور پر امریکہ، برطانیہ، یورپ، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے دورے کر کے دنیا کو ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف دو ٹوک انداز میں پیش کیا ہے لہذا اب ہمیں اپنی کوششیں مزید تیز کرنا ہونگی اور بھارت کو اُس کے مکروہ عزائم سے روکنا ہو گا تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت بند کرے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کر سکیں۔
صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کشمیر جغرافیائی نہیں بلکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے اور وہاں پر بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی جاری ہے لہذا آپ لوگ دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ خبیب فاؤنڈیشن دنیا بھر میں مستحق اورا سپیشل پرسنز کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ ہماری حکومت بھی اس سلسلے میں آپ کو ہر طرح کی مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔ اس موقع پر وفد کے اراکین نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا اور اس سلسلے میں انہیں اپنی ہرطرح کی معاونت اور تعاون کا یقین دلایا۔
—
Like
Comment
Share