Breaking News
Home / پاکستان / IMF شرائط، مشکلات بڑھیں گی، دوست ملک بھی عالمی ادارے سے معاہدے کے بغیر مدد کیلئے تیار نہیں، رانا ثناء

IMF شرائط، مشکلات بڑھیں گی، دوست ملک بھی عالمی ادارے سے معاہدے کے بغیر مدد کیلئے تیار نہیں، رانا ثناء

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کرے گی جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4؍ نہیں 10؍ ارب ڈالر ہیں، کمرشل بینکوں کے پاس موجود 6؍ ارب ڈالر بھی پاکستان کے ہیں۔ادھر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے سے مشکلات بڑھیں گی، دوست ملک بھی عالمی ادارے سے معاہدے کے بغیر مدد کیلئے تیار نہیں،ہم ملک دیوالیہ ہونے سے بچانا چاہ رہے ہیں، ایک بے شرم شخص چاہتا ہے پاکستان ڈیفالٹ کر جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی سربراہ سے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ادارے کی قرض سے متعلق شرائط مکمل کی جائیں گی۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کو گزشتہ روز فون میں آئی ایم ایف کی شرائط مکمل کرنے سے متعلق حکومت کے عزم سے آگاہ کیا‘۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے پاکستان کی معاشی مشکلات سے بھی آگاہ کیا خاص کر سیلاب کے بعد درپیش مشکلات بتائیں‘۔وزیراعظم نے کہا کہ ’آئی ایم ایف کا وفد بہت جلد پاکستان آئے گا‘۔ ادھر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4نہیں 10؍ ارب ڈالر ہیں، کمرشل بینکوں کے پاس موجود 6؍ ارب ڈالر بھی پاکستان کے ہیں، پاکستان کے واجب الادا قرض وقت پر واپس کر رہے ہیں، پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بہت جلد دوبارہ مستحکم ہوں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا،

 

جنیوا میں بھی آئی ایم ایف حکام سے ملاقات ہو گی، جنیوا سے واپسی پر 3 روزسرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات میں رکوں گا، سعودی عرب سمیت دوست ممالک سے فنڈز جلد پاکستان کو منتقل ہوں گے۔علاوہ ازیں جیو نیوز کے مطابق فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دوست ممالک بھی کہتے ہیں کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ کریں جس کے بعد ہی ہم آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوشش میں لگی ہوئی ہے کہ ملک ڈیفالٹ نہ ہوجائے لیکن ایک بے شرم کوششوں میں لگا ہوا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے۔ عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا کہ وہ شخص ٹی وی پربیٹھ کر پروپیگنڈا کرتا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرنے لگا ہے، اس پروپیگنڈے کو ایک جماعت منصوبے کے تحت لے کر چل رہی ہے،

 

وہ شخص بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے کا ماہر ہے اورکرتا چلا جاتا ہے۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگوں نےاس کے کہنے پر اپنےمخالفین کوگالیاں دیں، چور چورکہا، پھر جوتا پڑا تو سیدھے ہوگئے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان تم اتنے بے شرم ہو تمہاری گھٹیا گفتگو بندہ تنہائی میں بھی نہیں سن سکتا، تم اپنی آڈیو غلط ثابت کرو نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے اس وقت ملک کافی مشکلات کا شکار ہے، معاشی بحران میں سب سے زیادہ عمل دخل آئی ایم ایف کا ہے، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے پٹرول کی قیمتیں بڑھائیں اور سبسڈیز کو ختم کریں، آئی ایم ایف کی وجہ سے مہنگائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام پریشان نہ ہوں وزیر اعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور ان کی معاشی ٹیم دن رات موجودہ صورتحال سے نکلنے کیلئے اقدامات میں مصروف عمل ہے۔

 

 

 

 

Check Also

پاسپورٹس میں سابقہ شوہر کے نام کا باکس بھی ہو گا: ڈی جی پاسپورٹس

ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال کا کہنا ہے کہ شادی شدہ خاتون کا پاسپورٹ میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے