میرپور(ویب ڈیسک)صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ ادارہ پراپرٹی کی آماجگاہ بنا ہوا تھاحالیہ عرصہ میں ایم ڈی اے میں 362 الاٹ شدہ پلاٹس کی الاٹمنٹ کی انکوائری کے لئے وزیر ادارہ ترقیات میرپور چوہدری ارشد حسین کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جس میں چاروں ممبران اسمبلی چوہدری یاسر سلطان،چوہدری اظہر صادق،چوہدری قاسم مجید،ڈی جی ایم ڈی اے،سیکرٹری پی پی ایچ اور کمشنر اس کمیٹی کے ممبران ہونگے۔کمیٹی کی مجموعی نگرانی چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کریں گے کمیٹی مکمل چھان بین کے بعد دو ہفتے میں رپورٹ پیش کرئے گی غیر قانونی الاٹمنٹ کرنے والوں کے لیے جزا وسزا کا عمل شروع کیا جائے۔ادارہ ترقیات سے خرابیاں دور کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کریں گے۔سابقہ عرصہ کی خرابیوں اور شکایات کے حوالے سے احتساب اور کرپشن کو کیس بھیجیں۔ایم ڈی اے کرپشن کے حوالے سے حکومت کو بھی گہری تشویش ہے وزیراعظم آزاد کشمیر نے چند دن پہلے ادارہ ترقیات میرپور کا اچانک دورہ کیا۔ایم ڈی اے میں کرپشن کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا اور نہ ہی کوئی رعایت برتی جائے گی۔میں خود متاثرین منگلا ڈیم ہوں لیکن ایم ڈی اے سے نہ میں نے نہ میرے والد ماجد اور نہ ہی میرے بیٹے نے کوئی پلاٹ لیا۔میرے والد ماجد ممبر اسمبلی رہے،میں خود 9 مرتبہ ممبر اسمبلی منتخب ہوا اب میرا بیٹا بھی ممبر اسمبلی ہے۔ میرپور کے چاروں منتخب ممبران اسمبلی کی موجودگی میں اب اس ادارے کی بہتری اور وقار کو بحال کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ ترقیات میرپور کی بریفنگ کے موقع پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ،وزیر توانائی و آبی وسائل و ادارہ ترقیات میرپور چوہدری ارشد حسین،وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان،وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق،ممبر اسمبلی چوہدری قاسم مجیداور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود کو ادارے کے بارے میں تفصیل سے بریفننگ دی گئی۔صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ادارہ ترقیات میرپور کے جملہ افسران کو ہدایات دیں کہ وہ عوام میں ادارہ ترقیات کے اعتماد کو بحال کریں گزشتہ عرصہ میں ادارہ ترقیات تنقید کا نشانہ بنارہا اور لوگوں کی بہت زیادہ شکایات تھیں ہم سے عوام کی بہت توقعات ہیں عوام کے توقعات پر پورا اترنے کے لیے کرپشن اور بے قاعدگیوں کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنا ہوگا۔اب مزید اس کو سیکنڈل والا ادارہ نہیں بننے دیں گے۔ادارے کی بہت بدنامی ہوئی چکی ہے اب ٹھیک کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ادارہ ترقیات میں الاٹیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور جملہ امور قانون و قاعدے کے مطابق نمٹائے جائیں۔