Breaking News
Home / عالمی خبریں / نیپال میں مسافر طیارے کو حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 68 ہو گئی

نیپال میں مسافر طیارے کو حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 68 ہو گئی

نیپال میں پولیس نے کہا ہے کہ مقامی ایئرلائن یتی کے پوکھارا میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے میں ہلاکتوں کی تعداد 68 ہو گئی ہے۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس افسر اے کے چہیتری نے بتایا کہ ’31 لاشیں ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں، جبکہ 36 مزید لاشیں اس گہری کھائی میں موجود ہیں جہاں جہاز گر کر تباہ ہوا تھا۔‘ قبل ازیں نیپال کی یتی ایئرلائنز کے ترجمان سودرشن بارٹولا نے بتایا تھا کہ ’طیارے میں 68 مسافر اور عملے کے چار لوگ تھے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لیکن ابھی ہم نہیں جانتے کہ کوئی زندہ بچا ہے کہ نہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ طیارہ نیپال کے وسطی علاقے میں نئے اور پرانے پوکھارا ایئرپورٹس کے درمیان کریش ہوا ہے۔ ایک مقامی عہدیدار گرودتا ڈھاکل کے مطابق ’(طیارے کے) ملبے میں آگ لگی ہوئی ہے اور ریسکیو اہلکار آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ریسکیو اہلکار پہلے ہی وہاں پہنچ گئے تھے اور آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تمام ایجنسیوں کی توجہ سب سے پہلے آگ بجھانے اور مسافروں کو بچانے پر مرکوز ہے۔‘ نیپال کی فضائی صنعت نے حالیہ برسوں میں عروج حاصل کیا ہے۔ طیارے سامان اور افراد کو ایسے علاقوں تک لے کر جاتے ہیں جہاں تک زمینی رسائی مشکل ہوتی ہے۔ یہ غیرملکی ٹریکرز اور کوہ پیماؤں کو بھی لے کر جاتے ہیں۔

تاہم یہ ناکافی تربیت اور ناقص دیکھ بھال کی وجہ سے حفاظتی مسائل سے دوچار ہے۔ یورپی یونین نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر تمام نیپالی جہازوں کے اس کی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔ نیپال میں دنیا کے سب سے دور دراز اور مشکل رن وے بھی ہیں جن کے اطراف میں برف پوش چوٹیاں ہیں اور ماہر پائلٹس کو بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔ ایئر کرافٹ آپریٹرز کا کہنا ہے کہ نیپال کے پاس موسم کی درست پیشن گوئی کے بنیادی ڈھانچے کا فقدان ہے، خاص طور پر ایسے دور دراز علاقوں میں جہاں ماضی میں جان لیوا حادثے ہو چکے ہیں۔ پہاڑوں میں موسم بھی تیزی سے تبدیل ہو سکتا ہے، جس سے پرواز کے دوران خطرناک حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔گزشتہ برس مئی میں نیپالی ایئرلائن تارا ایئر کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا اور 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ سنہ 1992 میں پی آئی اے کے طیارے کا کھٹمنڈو پہنچتے ہوئے گر کر تباہ ہونا نیپال کی تاریخ کا سب سے مہلک حادثہ تھا۔ طیارے میں 167 افراد سوار تھے۔

 

Check Also

برطانیہ عالمی جنگوں میں لڑنے والے مسلمان فوجیوں کے لیے یادگار تعمیر کرے گا

برطانیہ اُن لاکھوں مسلمان فوجیوں کے لیے ایک جنگی یادگار تعمیر کر رہا ہے جنہوں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے