اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرلئے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں جنید اکبر، عثمان ترکئی، مجاہد علی، ارباب عامر ایوب، عندلیب عباس، ملیکہ بخاری کے استعفے منظور کیے ہیں۔ اس کے علاوہ حیدر علی خان، سلیم رحمٰن، صاحبزادہ صبغت اللّٰہ، محبوب شاہ، محمد بشیر کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے شیر اکبر خان، علی خان جدون، شیر علی ارباب، شاہد احمد، گل داد خان، ساجد خان، محمد اقبال خان، عامر محمود کیانی اور فیض الحسن کے استعفے منظور کیے ہیں۔ شوکت علی، عمر اسلم خان، امجد علی خان، خرم شہزاد، فیض اللّٰہ، ملک کرامت کھوکھر، سید فخر امام، ظہور حسین قریشی، ابراہیم خان، طاہر اقبال، اورنگزیب خان، مخدوم خسرو بختیار، عبدالمجید خان، اسما قدیر اور منورہ بی بی کے استعفے بھی منظور ہوئے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 35 ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، الیکشن کمیشن نے 31 جنرل نشستوں جبکہ 4 مخصوص نشستوں پر کامیاب خواتین کو ڈی نوٹیفائی کیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے تمام منتخب اراکین قومی اسمبلی نے اسپیکر سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق کچھ ہی دیر میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد خیبرپختونخوا ہاؤس سے سپیکر سے ملاقات کیلئے روانہ ہوں گے، تحریک انصاف کے 76 اراکین قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شیخ رشید اور تحریک انصاف کے 34 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان ارکان کی رکنیت ختم کر کے سیٹوں کو خالی قرار دیا تھا۔