اسلام آباد‘ (ویب ڈیسک) وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ قرض کیلئے آئی ایم ایف کی تمام شرائط ماننا پڑیں تو مان لیں گے۔حکومت چاہتی ہے عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے لیکن آئی ایم ایف ہمیں دوسری طرف لے جانا چاہتا ہے‘اگر آئی ایم ایف نہ مانا تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے۔ادھرسعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ڈیووس میںوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کا جائزہ لیا ہے ۔ سعودی میڈیا کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات ورلڈ اکنامک فورم کے دوران ہوئی۔اس موقع پر پاک سعودی وزرائے خارجہ نے علاقائی و عالمی امن مضبوط کرنے کی مشترکہ کوششوں پر بھی گفتگو کی۔ دریں اثناء عالمی بینک نے پاکستان میں ممکنہ آپریشنزکی منظوری میں تاخیرسے متعلق فیصلے کے حوالے سے خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے کہاکہ پاکستان میں عالمی بینک کے ممکنہ آپریشنز کی منظوری میں تاخیر کے حوالے سے عالمی بینک کے فیصلے کے بارے میں پریس رپورٹس بے بنیاد ہیں۔ ہمارے تمام مجوزہ آپریشنزاور ان کی رقوم سے متعلق بورڈ کی منظوری کی تاریخیں واضح ہیں۔عالمی بینک مناسب طریقہ کار کے بعد اور مجوزہ منصوبوں کی تیاری کی بنیاد پر بورڈ کے غور و خوض کے لیے پروجیکٹ کی تجاویز کے تبادلے کے وقت کا فیصلہ کرتا ہے۔علاوہ ازیں عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی چاہتے ہیں اور حکومت کی خواہش ہے عام آدمی پر زیادہ بوجھ نہ پڑے لیکن آئی ایم ایف ہمیں دوسری طرف لے جانا چاہتا ہے لہذا پروگرام میں جانے کے لیے آئی ایم ایف کی تمام باتیں ماننا پڑیں تو مان لیں گے، سخت فیصلے بھی لینا پڑے تو لیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔