ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ دفاع، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کی حمایت کرتا ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ دفاع، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، پاکستان اور روس مختلف فورمز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ پروازوں کے آپریشن پر غور کر رہے ہیں۔ سرگئی لاروف نے کہا کہ یوکرین میں عالمی مداخلت روس کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ روسی ہم منصب کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی اور ماسکو اسلام آباد کے درمیان تعلقات پر گفتگو ہوئی۔ افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں روس کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور روس کے ساتھ بہترین تعلقات کا فروغ پاکستان کی ترجیحات کا حصہ ہے جبکہ پاکستان کی افغانستان میں قیام امن کے لیے کردار سے سب آگاہ ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان متنازعہ معاملات مذاکرات سے حل کرنے کا خواہاں ہے اور روسی وفد کا حالیہ دورہ پاکستان بہتر تعلقات کی کڑی ہے۔ پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے ہوئے جبکہ گزشتہ سال سیلاب نے پاکستان کا آدھا حصہ شدید متاثر کیا۔