لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی 130 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون وکیل سیکریٹری جنرل منتخب ہو گئی ہیں۔ سنیچر کو لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ایڈوکیٹ صباحت رضوی نے چار ہزار 310 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مخالف امیدوار میاں عرفان نے 37 سو 45 اور قادر بخش چاہل نے 26 سو 27 ووٹ حاصل کیے۔ صباحت رضوی کو وکلا کے مختلف دھڑوں کی حمایت حاصل تھی۔ صدر کی سیٹ پر حامد خان گروپ کے اشتیاق احمد خان 72 سو 93 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ ایک اور وکیل خاتون ربیعہ باجوہ بار کی نائب صدر منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے 35 سو 90 ووٹ حاصل کیے۔ سینیئر وکلا نے صباحت رضوی کو ان کی تاریخی کامیابی پر مبارک باد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ ہائی کورٹ بار میں خواتین کی شمولیت کے لیے کام کریں گی۔