اسلام آباد: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے الیکشن کمیشن پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کا شیڈول واپس لینے کا نوٹیفکیشن واپس لے۔اس حوالے سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے تحت سپریم کورٹ بار نے پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی سے ملک میں انتشار اور انار کی پیدا ہوگی۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرتے وقت آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیال نہیں رکھا، الیکشن کمیشن نے فیصلے سے اپنے آئینی مینڈیٹ کی خلاف ورزی کی، نگران حکومت 90 دن سے زیادہ کام جاری نہیں رکھ سکتی۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے مطابق جمہوریت کی بحالی اور وقت پر الیکشن حالات کا تقاضہ ہے، تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ آئین کا تحفظ کریں، تمام آئینی عہدیداروں نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے، آئینی ا دارے کی طرف سے آئین کی خلاف ورزی کی اجازت نہ دی جائے۔جاری کردہ اعلامیے کے تحت سپریم کورٹ بار آئین اور عدالت عظمیٰ ٰکے فیصلے کیساتھ کھڑی ہے، جمہوریت کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔