Breaking News
Home / کشمیر / کشمیر ماڈل کالج میرپور کی تقریب تقسیم انعامات 2023ء کا انعقاد،چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے طلبہ کو انعامات و اعزازات سے نوازا

کشمیر ماڈل کالج میرپور کی تقریب تقسیم انعامات 2023ء کا انعقاد،چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے طلبہ کو انعامات و اعزازات سے نوازا

میرپور(سی این آئی ) کشمیر ماڈل کالج میرپور کی تقریب تقسیم انعامات 2023ء کا انعقاد پروقار طورپر کیا گیا۔جس کے مہمان خصوصی چیف جسٹس آف آزادریاست جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان تھے جب کہ صدارت بانی و چیف ایگزیکٹو کشمیر ماڈل کالج ریٹائرڈ سیکرٹری تعلیم محمد یوسف چودھری نے کی۔ تقریب میں طلبا وطالبات کے علاوہ ان کے والدین اور مختلف محکمہ جات کے آفیسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں طلبا وطالبات نے تلاوت کلام، نعت شریف اور ملی نغمے پیش کیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت شریف کے بعد ادارہ کے پرنسپل پروفیسر محمد نذیر چودھری نے استقبالہ خطبہ دیا اور کالج کے گزشتہ چار برس کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

 

مہمان خصوصی نے ادارہ ہذا کے طلبا وطالبا ت کو تعلیمی بورڈ میرپور کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے پر انعامات و اعزازات سے نوازا۔ چیف جسٹس آزادریاست جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف ملک، ملت اور قوموں کی بقاء کا ضامن ہے۔ جن معاشروں میں انصاف میسر نہیں ہوتا وہ تباہ و برباد ہو جاتے ہیں۔ عدالتیں انصاف کی فراہمی اور قانون پر عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اپنے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کسی بھی ملک کی ترقی میں تعلیم کا اہم کردار ہے۔ جن ممالک نے معیار تعلیم کو بہتر کیا اور اس کے حصول کو یقینی بنایا وہ آج ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہیں۔ انھوں نے خطہ آزاد کشمیر میں کشمیر ماڈل کالج میرپور جیسے معیاری تعلیمی ادارے کے قیام پر بانی ادارہ ریٹائرڈ سیکرٹری تعلیم محمد یوسف چودھری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا.

 

انھوں نے کہا بانی کشمیر ماڈل کالج میرپور نے وہی کارنامہ سر انجام دیا جو سر سید احمد خان نے علی گڑھ کے صحرا میں ایک مدرسے کا قیام کر کے انجام دیا تھا جو آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شکل میں دنیا میں اپنی اعلیٰ تعلیم و تدریس کی مثال ہے۔ کشمیر ماڈل کالج میرپور بھی معیاری تعلیم کے حوالے سے آزاد کشمیر بھر میں ایک مثالی ادارہ ہے۔انھوں اس بات پر انتہائی مسرت اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہابظاہر یہ ناممکن لگتا ہے کہ کوئی طالب علم 100فیصد نمبرات حاصل کرے لیکن ادارہ کے طالب علم نے انٹر کی سطح پریہ کارنامہ انجام دیا جو کہ قابل تحسین ہے۔انھوں نے طلبا وطالبات پر زور دیا کہ اگر وہ زندگی میں کارہائے نمایاں سرانجام دینا چاہتے ہیں تو تعلیمی میدان میں محنت اور لگن سے آگے بڑھیں۔انھوں نے پرنسپل ادارہ پروفیسر محمد نذیر چودھری اور سٹاف کی کوششوں کو سراہا اور طلبا وطالبات کو انعامات و اعزازات حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔

اس موقع پر پرنسپل ادارہ پروفیسر محمد نذیر چودھری نے چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر کا بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے دیگر مہمانوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کالج کی کارکردگی رپورٹ پیش میں جس میں انھوں نے کہا ہے کہ گزشتہ 04سال یعنی 2019ء تا2022ء کے دوران میٹرک کے امتحان میں کل 590طلبا و طالبات نے شمولیت اختیار کی۔جن میں سے499نے A+اورAگریڈ حاصل کیا اور46طلبا وطالبات نے بورڈ کی پہلی 20پوزیشنز میں جگہ بنائی۔تین طلبہ نے سلور اور تین نے برؤنز میڈلز حاصل کیے۔انٹرکی سطح پر کل866طلبا وطالبات نے بورڈ کے امتحانات میں شمولیت کی۔549نےA+اورAگریڈ حاصل کیا اورپہلی 20پوزیشنز میں 39طلبا وطالبات نے مقام حاصل کیا۔02طلبہ نے گولڈ04نے سلوراور04نے برونز میڈلز حاصل کیے۔انھوں نے اس شاندار کارکردگی کو اساتذہ کرام کی انتھک محنت اور طلبہ کی تعلیم سے لگن کا ثمر قرار دیا۔ انھوں نے کہا ہے کشمیر ماڈل کالج میرپورمعیار تعلیم کے حوالے سے اپنی شاندار روایات کو آئندہ بھی برقرار رکھے گا۔ان شاء اللہ

Check Also

ڈیلاس پیس اینڈ جسٹس سینٹر کا کشمیری رہنما یاسین ملک کی رہائی کا مطالبہ

ڈیلاس پیس اینڈ جسٹس سینٹر نے کشمیری رہنما یاسین ملک کی فوری رہائی پر زور …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے