Breaking News
Home / پاکستان / صدر نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مقررہ وقت پر الیکشن کیلئے وزیراعظم کو خط لکھ دیا

صدر نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مقررہ وقت پر الیکشن کیلئے وزیراعظم کو خط لکھ دیا

صدر مملکت عارف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ حکام کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت میں عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں۔ صدر مملکت نے وزیراعظم کے نام خط میں کہا کہ وزیراعظم توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے ہدایت کریں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو انسانی حقوق کی پامالی سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ 2021 کے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 180 ممالک میں سے 145 ویں نمبر پر تھا، اس سال کے اقدامات سے انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی مزید نیچے آئے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم ہر شہری کے انسانی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں۔ خط کے متن کے مطابق عارف علوی کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پر آرٹیکل 224 (2) کے تحت 90 دن کے اندر انتخابات کرانا ضروری ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کو بھی صوبائی اسمبلی کیلئے ٹائم فریم کے مطابق تاریخ مقرر کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے وفاقی اور نگراں حکومتوں نے متعلقہ محکموں کو تعاون فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کرنے کا کہا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی ایگزیکٹیو اتھارٹیز کا فرض ہے کہ الیکشن کمیشن کی مدد کریں، میری رائے میں ایگزیکٹیو اتھارٹیز اور سرکاری محکموں نے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے اپنے اعلان پر عمل نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عام انتخابات کیلئے 8 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کیا۔ خط میں کہا گیا کہ تشویشناک بات ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے صدر سے کوئی بامعنی مشاورت نہیں کی گئی۔

 

صدر نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، شہریوں کو بغیر وارنٹ و قانونی جواز کے اغوا کر لیا گیا۔ صدر مملکت نے خط میں بنیادی حقوق سے متعلق آئین کے مختلف آرٹیکلز کا بھی حوالہ دیا۔ عارف علوی نے مزید کہا آئین کے آرٹیکلز کی واضح طور پر خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ایسے واقعات سے عالمی برادری میں پاکستان کا امیج خراب ہوا۔

 

 

 

 

Check Also

پاسپورٹس میں سابقہ شوہر کے نام کا باکس بھی ہو گا: ڈی جی پاسپورٹس

ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال کا کہنا ہے کہ شادی شدہ خاتون کا پاسپورٹ میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے