ریاض:چینی صدر شی جن پنگ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں، ایران اور سعودی عرب کے درمیان بیجنگ کی سربراہی میں ہونے والے معاہدے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں، سعودی عرب اور ایران کے درمیان معاہدے کی حمایت جاری رکھنے کیلئے چین کی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (WAS) کی رپورٹ کے مطابق، ٹیلیفونک گفتگو میں چینی صدر نے خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ چین کے تعلقات کو مضبوط اور فروغ دینے میں سعودی عرب کے کردار کو بھی سراہا ہے۔ چین اور سعودی عرب تعلقات کے حوالے سے چینی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے بنیادی مفادات سے متعلق معاملات پر مضبوطی سے ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ٹیلیفونک گفتگو میں سعودی ولی عہد نے بھی سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کی حمایت کرنے پر چین کے اقدام کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق، اس ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں فریقین نے ریاض اور بیجنگ کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں میں مزید تیزی لانے کیلئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔