سابق وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے خلاف اپیل پر آزاد کشمیر سپریم کورٹ کا فل بینچ کل سماعت کرے گا۔ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے سردار تنویر الیاس کی جانب سے جمع کرائی گئی تیسری اپیل پر اعتراض ختم کر دیا۔ اس سے قبل آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی۔ سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی لیگل ٹیم نے نااہلی کے خلاف پٹیشن سپریم کورٹ میں فائل کی۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ دوبارہ اپیل کل لے کر آئیں، اپیل کا ٹائٹل درست نہیں، سردار تنویر الیاس کو وزیرِ اعظم لکھا گیا ہے۔ چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے سوال کیا کہ اگر وہ وزیرِ اعظم ہیں تو اپیل دائر کرنے کی ضرورت کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ فیصلہ غلط یا ٹھیک ہوا اس پر فیصلہ بعد میں ہو گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رجسٹرار سپریم کورٹ نے پٹیشن اعتراض لگا کر واپس کر دی تھی، پٹیشن میں سردار تنویر الیاس کو وزیرِ اعظم آزاد کشمیر لکھا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں سردار تنویر الیاس کو وزارت عظمیٰ کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیرِ اعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔ توہین عدالت کیس میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد سینئر وزیر خواجہ فاروق قائم مقام وزیرِ اعظم بنایا گیا ہے۔ نئے وزیرِ اعظم کے انتخاب تک خواجہ فاروق قائم مقام وزیرِ اعظم کے فرائض سرانجام دیں گے۔