نیو یارک :سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے اپنے سابق وکیل پر 500 ملین ڈالر کا دعویٰ دائر کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ مائیکل کوہن نے بطور اٹارنی اپنے مؤکل کے بہترین مفادات میں کام کرنے کے اپنے فرض کی خلاف ورزی کی۔
مائیکل کوہن ، ٹرمپ کے خلاف کرمنل کیس میں متوقع گواہ ہیں، سابق صدر پر حال ہی میں مین ہیٹن کی گرینڈ جیوری نے فرد جرم عائد کی تھی۔کوہن کے ترجمان اور وکیل لینی ڈیوس نے بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کے مؤکل کے خلاف مقدمہ ناکام ہو جائے گا۔
ڈیوس نے ایک بیان میں کہا کہ ٹرمپ ایک بار پھر مائیکل کوہن کے خلاف ہراساں کرنے اور دھمکی دینے کے لیے عدالتی نظام کا غلط استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنے بڑھتے ہوئے قانونی خطرات سے خوفزدہ ہیں اور دوسرے ممکنہ گواہوں کو پیغام بھیجنے کی کوشش کررہے ہیں جو جو ان کے خلاف استغاثہ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
کوہن نے ٹرمپ کے اٹارنی کے طور پر ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک کام کیا، وہ ٹرمپ آرگنائزیشن کے نائب صدر بھی تھے، اور انہیں اکثر ٹرمپ کے فکسر کے طور پر بیان کیا جاتا تھا، لیکن 2016 کے انتخابات کے بعد ان دونوں کے درمیان فاصلہ پیدا ہو گیا۔
2018 میں کوہن کو دھوکہ دہی کے الزامات کا اعتراف کرنے کے بعد تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی تاہم جیل سے باہر آنے کے بعد وہ سابق امریکی صدر کے سخت مخالف کے طور پر سامنے آئے اور انہوں نے مختلف جگہوں پر ان پر تنقید کی۔
4 اپریل کو ٹرمپ مین ہٹن کی فوجداری عدالت میں پیش ہوئے اور وہ پہلے سابق امریکی صدر تھے جن پر مجرمانہ الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی تاہم انہوں نے خود پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا، دوسری جانب کوہن نے اعتراف کیا کہ ٹرمپ کے فکسر کے طور پر انہوں نے اڈلٹ اداکارہ ڈینیئلز کو رقم کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی۔