ریاض : سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے پیش رفت کا سلسلہ جاری ہے ، سعودی عرب میں ایران کا سفارتخانہ 7 سال بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے ۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں ایرانی سفارتخانے کے احاطے کے دروازے کھول دیے گئے ہیں ، ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے چند گھنٹے بعد سفارتی مشن کو کھول دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کی تکنیکی معائنہ ٹیم نے بند سفارتخانہ کا مرکزی گیٹ کھولا اور عمارت کا جائزہ لیا۔واضح رہے کہ ایران کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب میں ایک تکنیکی وفد بھیجا جائے گا، اس وقت تکنیکی وفد ریاض میں موجود ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے اسی حوالے سے کہا تھا کہ ایرانی وفد ریاض اور جدہ میں سفارتخانہ اور قونصل خانہ کھولنے کیلئے ضروری اقدامات کرے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نےگزشتہ ماہ چین کی ثالثی میں 2016کے بعد سفارتی کشیدگی ختم کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔