بیجنگ:چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور روس جنگ پر تبادلہ خیال کیا۔چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق صدر شی جن پنگ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے فون پر بات کی اور روس کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی سے کہا کہ بات چیت اور گفت و شنید ہی جنگ سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بارہا چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور حال ہی میں چینی صدر کے دورہ روس پر بھی صدر زیلنسکی نے کہا تھا کہ چینی ہم منصب کو یوکرین میں بھی خوش آمدید کہیں گے۔ چین نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے 12 نکاتی ایجنڈا پیش کیا تھا جس میں جنگ کو سیاسی تصفیے کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔