صیہونی اخبار نے غاصب حکومت کے فوجیوں کے لیے سیکورٹی جیکٹ اور دیگر آلات کی کمی کو اس حکومت کی فوج میں ایک نئے بحران سے تعبیر کیا ہے۔ اسرائیل ہیوم اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کے فوجی جو ان دنوں مغربی کنارے میں تعینات ہیں، دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں متعدد بار حفاظتی جیکٹ اور دیگر ساز و سامان کے بغیر ہی آپریشن کے میدان میں بھیجا گیا ہے۔ المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق اس عبرانی اخبار نے لکھا ہے کہ اس خبر کی چھان بین کرنے اور اس کے بارے میں پوچھنے پر معلوم ہوا کہ صیہونی افواج کو نہ صرف مغربی کنارے میں بلکہ کئی یونٹوں میں حفاظتی جیکٹ کی کمی ہے۔ اس صیہونی اخبار کے ذرائع کے مطابق، بعض دیگر فوجی بریگیڈز، جیسے چھاتہ بردار اور بکتر بند گاڑیوں کے ڈرائیور نیز فوجیوں کو ان کے ذاتی فوجی سازوسامان بشمول حفاظتی جیکٹیں فراہم کی جانے والی ہیں۔ اسرائیل ہیوم نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ لیکن ایسی معلومات موجود ہیں جو ظاہر کرتی ہیں کہ جنگ کے دوران دشمن کی لائنوں کو عبور کرنے والی دوسری فوجی بٹالین میں بھی ساز و سامان کی شدید کمی ہے۔