سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پر ریاستی جبر کے پہاڑ توڑ دیے گئے ہیں۔ جمعرات کو عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’گزشتہ سال 25 مئی کو فسطائیت کی گہرائیوں کی جانب ہمارے سفر کا آغاز کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت کے ساڑھے تین سال کے دوران پی ڈی ایم نے تین لانگ مارچز کیے جن کی اجازت دی گئی مگر ہم پر ریاستی جبر کے پہاڑ توڑ دیے گئے۔‘’رات گئے گھروں پر دھاوا بولا گیا اور تحریک انصاف کے ذمہ داران اور کارکنان کو اغوا کیا گیا۔ اس کے بعد جو بھی اسلام آباد پہنچا اسے آنسو گیس، ربڑ کی گولیوں اور پولیس کے ہاتھوں پوری وحشت و بربریت سے کچلا گیا۔‘ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے بعض کا خیال تھا کہ یہ ظلم یہیں تک محدود رہے گا مگر یہ تو صرف آغاز ثابت ہوا۔ آج پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی سطح کی واحد سیاسی جماعت کو بلاخوفِ احتساب پوری شدت سے ریاستی جبر کے نشانے پر رکھ لیا گیا ہے۔ ’سینیئر قائدین سمیت 10 ہزار سے زائد کارکنان اور سپورٹرز زندانوں کی نذر کر دیے گئے ہیں جبکہ بعض کو زیرِحراست تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ’9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ، جس کی تحریک انصاف کی پوری قیادت مذمت کر چکی ہے، کی آڑ میں ریاست ’جبری علیحدگیوں‘ وغیرہ کے ذریعے جماعت کو توڑنے کی کوششیں کر رہی ہے اور تحریک انصاف کے کارکنان پر فوجی عدالتوں میں مقدمے چلا رہی ہے۔‘سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’پی ڈی ایم اور صحافیوں کا وہ گروہ جو اس یزیدیت پر اچھل کود کرنے اور خوشیاں منانے میں مصروف ہیں، وہ جان لیں کہ اس سب سے تحریک انصاف کو نہیں بلکہ ہماری جمہوریت کو کچلا جا رہا ہے یعنی براہِ راست ہم سے ہماری آزادی چھینی جا رہی ہے۔‘ عمران خان نے مزید کہا کہ تاہم ہمیں غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے کی یہ کوشش ناکام ہوگی کیونکہ آج ہماری نوجوانوں آبادی سیاسی طور پر نہایت باشعور ہے اور میڈیا کی زباں بندی کے باوجود (سرکاری پراپیگنڈے سے متاثر ہوئے بغیر) سماجی میڈیا کے ذریعے خود کو (قومی و سیاسی معاملات پر) مکمل آگاہ رکھے ہوئے ہے۔