پنجاب کی اہم سیاسی شخصیت جہانگیر ترین کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا امکان ہے، جس کا اعلان آئندہ 72 گھنٹوں میں کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنماؤں جہانگیر ترین اور علیم خان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں نئی پارٹی بنانے سے متعلق مشاورت ہوئی۔ علیم خان نے اپنی رہائش گاہ پر جہانگیر ترین اور ان کے ساتھیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس ظہرانے میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی موجودہ اور سابقہ شخصیات نے شرکت کی جبکہ وزیراعظم کے سیاسی مشیر عون چوہدری بھی ظہرانے میں شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں نئی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق جہانگیر ترین کی علیم خان سے مشاورت ہوئی۔ ظہرانے کے شرکا نے تجویز دی کہ ہمیں کوئی پریشر گروپ بنانے کے بجائے نئی سیاسی پارٹی بنانی چاہیے۔ نئی سیاسی پارٹی بنانے سے عوام کے حقوق کا بہتر تحفظ کر سکیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ عون چوہدری نے بھی نئی جماعت بنانے پر اصرار کیا۔ ظہرانے میں تجویز دی گئی کہ مزید رہنما پی ٹی آئی چھوڑنا چاہ رہے ہیں، انہیں ایک نیا پلیٹ فارم ملنا چاہیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کردیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اگلے 72 گھنٹوں میں جہانگیر ترین اہم سیاسی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے۔ جہانگیر ترین کے ہمراہ پی ٹی آئی سے لاتعلقی کرنے والے سیاست دان بھی موجود ہوں گے۔ جہانگیر ترین جلد ہی الیکشن کمیشن میں نئی پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست دیں گے۔