لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی ہے۔ منگل کو عمران خان کے خلاف جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس سمیت تین مقدمات میں عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے درخواست میں موقف اپنایا کہ رات کو سفر کرکے اسلام آباد سے تاخیر سے لاہور پہنچا ہوں، سفر کی تھکاوٹ ہے۔ عدالت ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔‘ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت میں27 جون تک توسیع کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں تحریک انصاف کے سابق رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی ہے۔ منگل کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے اسد عمر کے خلاف گلبرگ میں عسکری ٹاور پر حملہ اورجلاؤگھیراؤ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اسد عمر عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت پیش ہوئے جہاں انہوں نے ضمانتی مچلکے جمع کروائے۔ عدالت نے سابق پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے اُنہیں حاضری لگانے کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے منگل کو طلب کر لیا ہے۔ نیب کی دو رکنی ٹیم نے سنیچر کو نوٹس زمان پارک وصول کروا دیا۔ نیب کی جانب سے دیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بشری بی بی کو یکم اور سات جون کو بھی طلب کیا گیا تھا۔ ’بار بار بلوانے پر بھی آپ شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ بشری بی بی خاندان کے کسی مرد رکن کے ساتھ کل 11 بجے نیب دفتر میں پیش ہوں۔‘ نیب نے بشری بی بی کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کی ہدایت کر دی۔