پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے ٹورنٹو جانے والی پرواز تکنیکی خرابی کی وجہ سے روس سے واپس لاہور لینڈ کر گئی ہے۔ پیر کو پی آئی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاہور سے ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 797 کے طیارے میں دوران پرواز تکنیکی خرابی کی وجہ طیارے کا رخ واپس لاہور موڑ دیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ روس میں طیارے کے ہائیڈرالک نظام میں وارننگ کی نشاندہی پر کپتان نے طیارے کا رخ واپس پاکستان موڑنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان میں پی آئی اے کا مکمل انجینیئرنگ بیس موجود ہے جہاں پر کوالیفائیڈ انجینیئرز طیارے کا معائنہ کرکے خرابی کو دور کریں گے۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق پرواز کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور مسافروں کو متبادل پروازوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ پرواز اتواراور پیر کی درمیانی شب لاہور سے ٹورنٹو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔