تہران:صدر ایران سید ابراہیم رئيسی نے قرآ ن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعات کو جدید جہالت کی کھلی مثال قرار دیا ہے۔ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ قرآن پاک اور انسان کامل ہدایت کے دو ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دینا آزادی اظہار نہیں بلکہ جاہلیت جدید کی کھلی مثال ہے۔ صدر ایران نے کہا کہ جاہلیت کی تمام شکلوں کے خلاف جدو جہد کرنا قرآن کریم کے احکامات میں سے ایک ہے یہی وجہ ہے کہ جاہلیت جدید کے پیروکاروں کے دلوں میں قرآن کریم کا بغض بھرا ہوا ہے۔ صدر ایران کا مزید کا کہنا تھا کہ بیداری کی تازہ لہر پوری دنیا میں پھیل رہی ہے اور دنیا بھر کے عوام کو قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے والوں کی مذموم ، ناپاک اور غیر انسانی سوچ کا بہت جلد پتہ چل جائے گا۔