اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی، ملاقات میں عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشماری نے بھی شرکت کی۔وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستانی شہری کثیر تعداد میں زیارات کیلئے عراق کا رخ کرتے ہیں۔ ملاقات میں عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزا فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی، زائرین کیلئے اربعین کے دوران کوٹہ 50 ہزار سے ایک لاکھ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر عراقی وزیر اعظم نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو الیکٹرانک ویزا کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے معمولی جرائم اور زائد قیام پر عراقی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو جلد رہائی یقینی بنانے کے لیے وزارت انصاف کو ہدایات دے دیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عراقی وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، عراقی وزیر اعظم نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔