پاکستان کے صدر عارف علوی نے یومِ آزادی پر ملکی اور غیرملکی شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان کیا ہے جن میں سعودی عرب کے وزیر دفاع پرنس خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ منصور بن زاید النہیان کے نام شامل ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق پاکستان کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ یہ دوست ملک آپس میں مشترکہ روایات، مذہب، ثقافتوں، دفاعی اور گہرے فوجی تعلقات سے جُرے ہوئے ہیں۔ رواں سال جون میں دونوں خلیجی ملکوں نے آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کے حصول میں مدد کرتے ہوئے تین ارب ڈالر کے انتہائی ضروری فنڈز فراہم کیے جس سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچنے میں کامیابی ملی۔ پاکستان کے صدر کی ویب سائٹ کے مطابق سول ایوارڈز ایسی غیرملکی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں عطا کیے جاتے ہیں جن کے میرٹ پر کام سے پاکستان کو فائدہ پہنچا ہو۔ ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 77 ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدر عارف علوی نے 696 ملکی و غیرملکی شخصیات کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جنہوں نے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ پاکستان کے کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر عارف علوی نے شہزادہ خالد بن سلمان کو ’ہلالِ پاکستان‘ عطا کرنے کے لیے نامزد کیا جبکہ شیخ منصور بن زاید النہیان کے لیے ’ہلالِ قائداعظم‘ کا اعلان کیا۔ دونوں شخصیات کو اُن کی ’پاکستان کے لیے خدمات‘ کے اعتراف میں سول ایوارڈز لینے والے افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ نامزد کی گئی شخصیات کو اگلے سال 23 مارچ کو یومِ پاکستان پر ایک پُروقار تقریب میں اعزازات عطا کیے جائیں گے۔