مظفرآباد(نیوز ڈیسک)آزادجموں و کشمیر کے موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار نے کہا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں وزراء حکومت سردار میر اکبر خان ،سردار جاوید ایوب ،عبدالماجد خان ،اظہر صادق ،اکبر ابراہیم ،سردار فہیم اختر ربانی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی کرنل(ر) معروف کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوے موسٹ سینئر وزیر ،وزیر خزانہ نے کہا کہ وفاق اور پنجاب کی سطح پر ملازمین کی تنخواہوں میں رننگ بیسک پر اضافہ کیا گیا ہے جس پر 18 ارب روپے خرچ ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ گریڈ ایک سے سولہ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد گریڈ سترہ سے بائیس تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد جبکہ پنشنرز کی پنشن میں 17.50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے سرکاری ملازمین سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کر دیا ہے رننگ بیسک پر اضافے کا فیصلہ وزیراعظم کا تھا ۔انہوں نے کہا کہ وزراء حکومت اور تمام پارلیمانی پارٹی بھی اس فیصلے میں شامل ہے سب کی متفقہ رائے تھی کہ مہنگائی کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافی ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر initial basic پر اضافہ دیتے تو 11.50 ارب خرچ آتا مگر وزیراعظم نے رننگ بیسک پر اضافے کا فیصلہ کیا جس پر 18 ارب روپے خرچ آیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی مالیاتی کرائسز ہے ہمیں قابل تقسیم محاصل میں 3.4 فیصد حصہ ملنا چاہیے جو 90 ارب روپے بنتا ہے مگر ہمیں صرف 70 ارب روپے ملے ،ترقیاتی بجٹ میں ہمیں گزشتہ مالی سال کے دوران 28 ارب روپے ملنا تھے مگر ہمیں دس ماہ میں فقط 9 ارب ملے جبکہ اس حکومت نے آخری دو ماہ میں 11 ارب روپے حاصل کئے ،اسظرح 8 ارب روپے کم ملے ۔انہوں نے بتایا کہ تنخواہوں میں اضافے کیلیے ممبران قانون ساز اسمبلی نے اپنے ڈویلپمنٹ فنڈ کو سرنڈر کیا ہے ،آج بھی وفاقی نگران وزیر خزانہ کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات ہوئی ہے.
ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ یکم جولائی سے سب کو Arear بھی ملیں گے اور اضافے کے ساتھ تنخواہ ملے گی ،پہلے کوارٹر میں بجٹ کا تیرہ ارب 70 کروڑ ملنا چاہیے تھا مگر دس ارب ملا ہے جبکہ ترقیاتی مد میں چار ارب بیس کروڑ ملنا چاہیے تھا جبکہ صرف ایک ارب ملا ہے ،ایک اور سوال کی جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ آٹے میں سبسڈی کی مد میں 90 کروڑ سے ایک ارب روپے ماہانہ خرچ کر رہے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں وزیر حکومت عبدالماجد خان نے کہا کہ عدم اعتماد کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں یہ افواہیں ہیں جن میں کوئی دم خم نہیں ہے پوری پارلیمانی پارٹی وزیراعظم کی پشت پر ہے ۔وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی اتحادی حکومت کا حصہ ہے اور ہم ملکر آزادکشمیر کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے