پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کم عمری (16 سال) میں شادی کر لی تھی جس کی وجہ انہوں نے کئی سالوں بعد بتا دی۔ بوم بوم کے نام سے مشہور مایہ ناز سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی جو صرف 16 سال کی عمر میں سن 2000 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے جہاں اپنے کرکٹ کیریئر، پاکستان کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کی وہیں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بھی کئی سوالات کے جوابات دیے اور کم عمری میں شادی کرنے کی بڑی وجہ سے سالوں بعد پردہ اٹھا دیا۔ شاہد آفریدی نے پروگرام کے دوران اپنی شادی کی تصویر دکھائے جانے پر ہنستے ہوئے کہا کہ بس یہاں پر آکر میری زندگی ٹھہر گئی۔سابق آل راؤنڈر سے جب میزبان نے کم عمری میں شادی کی وجہ پوچھی تو شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ میں یہ خود چاہتا تھا کہ میری شادی چھوٹی عمر میں ہی ہو جائے اور اسی وجہ سے میں نے اپنے والدین سے کہا کہ میرے لیے ایک لڑکی ڈھونڈ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سوچا تھا فیصلہ صحیح نہیں نکلا تو دوسری کر لیں گے لیکن الحمدللہ شادی کے معاملے میں بے حد خوش قسمت ثابت ہوا۔ شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنے والدین کی پسند سے شادی کی کیونکہ میرا ماننا ہے کہ والدین کے فیصلے ہی سب سے بہترین ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی ان کے کرکٹ کیریئر کے آغاز میں 2000 میں نادیہ آفریدی سے شادی ہوگئی تھی جن سے ان کی پانچ بیٹیاں ہیں۔ حال ہی میں ان کی بڑی بیٹی اقصا پیا دیس سدھار چکی ہیں جب کہ دوسرے نمبر کی بیٹی انشا کا نکاح قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے ہوچکا ہے اور ورلڈ کپ کے بعد انکی رخصتی طے ہے۔