سپین میں فٹ بال فیڈریشن کے صدر نے فیفا ویمنز ورلڈ کپ کی ٹرافی جیتنے والی ٹیم کی کھلاڑی کا بوسہ لینے پر معذرت کی ہے، جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ معافی کافی نہیں ہے۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیلز نے فیفا ویمنز ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی سٹار کھلاڑی جینی ہرموسو کے ہونٹوں پر بوسہ لیا تھا جس کے بعد ان پر تنقید کی گئی تھی۔ انہوں نے کھلاڑی کا بوسہ اس وقت لیا جب وہ سڈنی میں میچ جیتنے کے بعد سٹیج پر میڈل لینے آئیں۔ سپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچز نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم نے جو دیکھا وہ ایک ناقابل قبول حرکت تھی اور انہوں نے جو معذرت کی وہ اس فعل کے لیے ناکافی ہے۔‘ پیر کو فٹ بال فیڈریشن کے صدر لوئس روبیلز نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ’یقینی طور پر میں نے غلطی کی اور مجھے یہ تسلیم کرنا چاہیے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’میں اس وقت جوش میں تھا اور میری نیت بری نہیں تھی۔ ہم نے اسےمعمولی سمجھا لیکن اس پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ میرے پاس اس سے سیکھنے اور معذرت کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، جب آپ فیڈریشن کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں تو محتاط ہونا چاہیے۔‘ دوسری جانب فٹ بال فیڈریشن نے خاتون کھلاڑی جینی ہرموسو کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ ورلڈ کپ جیتنے کی خوشی کے جوش میں غیر ارادی طور پر ہوا۔‘ ’میرے اور صدر کے درمیان بہت اچھا رشتہ ہے۔ وہ ہم سب کے ساتھ بہت اچھا رویہ رکھتے ہیں ہے اور جو ہوا وہ محبت اور شکرگزاری میں کیا گیا قدرتی فعل تھا۔‘ سپین نے اتوار کو سڈنی میں انگلینڈ کے خلاف فیفا ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل ایک صفر سے جیتا تھا۔