پیانگ یانگ:شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے لیے روس کا دورہ کریں گے۔خبر رساں اداروں نے امریکی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ کِم جونگ اُن رواں مہینے بکتربند ٹرین میں روس کا دورہ کریں گے، دونوں رہنما روس کو جدید ہتھاریوں کی سپلائی سے متعلق بات چیت کریں گے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں میں ملاقات کے مقام کے بارے میں معلومات سامنے نہیں آسکیں، اس حوالے سے دونوں ممالک نے اب تک کوئی بیان بھی جاری نہیں کیا۔ شمالی کوریا کے صدر ایسے وقت میں روس کا دورہ کرنے جارہے ہیں جب امریکا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان ہتھیاروں پر مذاکرات ہورہے ہیں۔اس سے قبل روس بھی کہہ چکا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ قریبی فوجی تعلقات کا خواہاں ہے۔