تہران: بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ایران کے تین جزیروں پر متحدہ عرب امارات کا دعوی علاقے کی سلامتی کے لئے خطرناک ہے ۔ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے جمعرات کو الجزیرہ ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے تین جزیروں پر متحدہ عرب امارات کا دعوی خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسیوں سے لڑائي نہیں چاہتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران چاہتا ہے کہ اس کی ارضی سالمیت کے لئے کوئی خطرہ پیدا نہ ہو اور علاقے میں امن وآشتی برقرار رہے۔ ڈاکٹر ولایتی نے خطے کے سبھی ملکوں کی مشترکہ سلامتی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایران اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ سلامتی قائم کرنے کے لئے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس کے بار ے میں غلط دعوے کے عملی جامہ پہننے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔ بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے اسی کے ساتھ مغرب کو نصیحت کی کہ خلیج جیسے حساس علاقے میں اشتعال انگیز اقدامات اور کشیدگی بڑھانے سے دست بردار ہوجائے۔